ہری پور،03 جنوری ( اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، دوردراز علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کا جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل غازی کی یوسی سری کوٹ میں سری کوٹ بائی پاس روڈ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں گھنٹوں گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی مگر ہماری حکومت نے بجلی کے بحران پر قابو پا کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے نظام میں بہتری لارہے ہیں، اربوں روپے کی لاگت سے نئے گریڈ اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں ۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ عوامی مشکلات کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ، حلقہ میں سوئی گیس کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، دوردراز علاقوں کو بھی سوئی گیس کی فراہمی کی جاری ہے جبکہ بجلی کے مسائل کو بھی حل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونین کونسل سری کوٹ میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں انشاءاللہ جلد کام کا آغاز کر جائے گا۔











