باچہ خان میڈیکل کمپلکس اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی انسٹیوٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

109

اسلام آباد، 05 جنوری (اے پی پی ):خیبرپختونخواہ میں صحت کے شعبے میں بڑی پیش رفت،باچہ خان میڈیکل کمپلکس اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی انسٹیوٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر پارلیمنٹ ہاؤس میں دستخط ہو  گئے  ہیں ،جس کے   تحت  باچہ میڈیکل کمپلکس، خیبر میڈیکل یونیورسٹی انسٹیٹوٹ کے طلبہ کو ٹریننگ سہولیات فراہم کرے گا اور طلبہ کو نرسنگ، ڈینٹل ٹیکنالوجی، انیستھزیا، ریڈیالوجی اور میڈیکل لیباٹری ٹیکنالوجی اور امراض چشم کے شعبوں میں ٹریننگ دی جائے۔

مفاہمتی یادداشت پر رجسٹرار خیبر میڈیکل یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ اور باچہ خان میڈیکل کمپلیکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے دستخط کیے، دونوں طبی اداروں کے مابین مفامتی یادداشت تیس سال کے لیے قابل عمل ہوگی۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی سمیت ارکان قومی اسمبلی موجود تھے ۔اسپیکر  قومی اسمبلی نے باچہ خان میڈیکل کالج اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی انسٹیوٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت کو خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں طبی اداروں کے مابین یادداشت سے میڈیکل کے طلبا کو بہترین طبی تربیت حاصل کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا  کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق طبعی شعبہ میں تربیت کلیدی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ،موجودہ حکومت صحت کے شعبے کی ترقی اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں  ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں صحت کارڈ کا اجراء اور ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے عوام سے کیے گئے وعدے کا ثبوت ہے۔