لاہور، 5 جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانا حکومت کی ترجیح ہے، بہت سی چینی کمپنیوں نے پنجاب میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے جبکہ سازگار ماحول کے باعث بیرونی سرمایہ کار پنجاب کا رخ کررہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے منگل کو یہاں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں چین کی کمپنی اوریل سرامکس کے نمائندےووجیان بن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اوریل سرامکس کی پنجاب میں نئی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں، چینی کمپنی اوریل سرامکس کو صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ہرممکن سہولت دیں گے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو چینی کمپنی کو نیاصنعتی یونٹ لگانے میں ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ سرمایہ کاری کو فروغ دے کر غربت اور بے روزگاری مسائل پر قابو پائیں گے۔
ملاقات میں چینی کمپنی نے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں ٹائل سازی کی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اضافی بجلی اور گیس فراہم کرے تو ہمارے صنعتی یونٹ کی پیداواری صلاحیت بڑھ سکتی ہے، چینی کمپنی اوریل سرامکس نے نیا صنعتی یونٹ لگانے کے لئے 50ایکڑ زمین کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل سلیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔











