چنیوٹ، 05 جنوری(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ، کشمیر کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم حق خود ارادیت کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ تقریب اور کشمیریوں کے حق میں نکالی گئی ریلی میں کہی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران عصمت پنوں ، اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ و دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی ۔
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کے گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے اور انہیں بازار تو درکنار،ہسپتال تک جانے کی اجازت نہیں ملتی ،دنیا کا امن بر قرار رکھنے کے لئے عالمی برادری کی زمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت پر زور ڈالے کہ وہ کشمیریوں کا جائز حق تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکالے تا کہ کشمیری اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا کہ مودی حکومت خطے میں اجارہ داری قائم کرنے کی حوس میں مبتلا ہے اور اسکا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو تاریخ کی بدترین نسل کشی کا سامنہ ہے اور اگر عالمی برادری آنکھیں بند کر کے دیکھتی رہے گی تو خطے کا امن برقرار رکھنا بہت مشکل ہو جائیگا ۔ ہر سال مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج حقِ خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والے پُرامن مظاہروں کو کچلنے کے لیے خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں کشمیریوں کو شہید کر دیتی ہے ،نہتے نوجوانوں کو دہشت گردقرار دے کر انہیں شہید کر دیا جاتاہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جو اس کا بنیادی فرض بھی ہے ۔ کشمیری عوام بھی پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں ۔
آخر پر کشمیر کی آزادی کے لئے دعا بھی کی گئی۔











