تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ؛معاون خصوصی شہباز گل

66

لاہور، 5 جنوری (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے  کہا ہے کہ ملک کی معیشت مضبوط ہوگی تو پاکستان میں سرمایہ کاری آئے گی، تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کے مفاد پرست عناصر کا ہم نے مل کر مقابلہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں میٹرو بس اور ٹرانسپورٹ نظام لانے کے خلاف نہیں ہیں مگر لاہور میٹرو بس کا نظام جس طرح لایا گیا وہ صحیح نہیں تھا۔

 شہباز گل نے کہا کہ 2012 میں میٹرو بس چلانے کے لیے بولی کا عمل شفاف نہیں تھا اور فی کلو میٹر 3.8 ڈالر رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے پاکستان میں کوئی ایسی کمپنی نہیں تھی جو میٹرو کی جگہ اپنی بسیں چلاتی، پاکستان میں بہت سی ٹرانسپورٹ کمپنیاں ہیں مگر باہر سے کمپنی لائی گئی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری حکومت نے 1.86 ڈالر کے ریٹ پر نئی کمپنی کو ٹھیکہ دیا ہے جس سے تاریخ نے ایک بار پھر عمران خان کو عوام  کا مخلص اور سچا ثابت کیا ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ حکومت دن رات عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جن لوگوں نے ملک کو لوٹا آج انہی کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ماضی کی حکومتوں نے مہنگے معاہدے کر کے قوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا پی ڈی ایم کا بیانیہ عوام نے مسترد کر دیا ہے،یہ لوگ صرف اپنی کرپشن بچانے کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کو چاہیے کہ اسمبلی میں آکر مثبت کردار ادا کرے اور سنجیدہ مسائل پر گفتگو کرے۔