نیب لاہور میں فیروز پور ہائوسنگ سوسائٹی اور ماڈل ہائوسنگ انکلیو کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنیکی تقریب

75

لاہور، 6 جنوری (اے پی پی): نیب لاہور کی جانب سے فیروز پور ہائوسنگ سوسائٹی اور ماڈل ہائوسنگ انکلیو کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنیکی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور  شہزاد  سلیم نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے متاثرین کے مابین 73 کروڑ مالیت کے چیک تقسیم کئے گئے۔

ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ نیب دراصل نیشنل عوامی بیورو ہے جس کا اصل مقصد عوام اور ملک کی خدمت ہے،نیب سے سب سے زیادہ عام عوام مستفید ہو رہے ہیں جنکی ڈوبی ہوئی رقوم انہیں واپس مل رہی ہیں، گزشتہ 2 سالوں میں ان دو ہائوسنگ سوسائٹیوں سے پلی بارگین کے زریعے 4 ارب 62 کروڑ روپے وصول کئے گئے،ان دو ہائوسنگ سوسائٹیوں کے 5000 متاثرین کو تاحال 2 ارب 73 کروڑ واپس دلواچکے ہیں،عنقریب 80 کروڑ روپے مزید متاثرین میں تقسیم کرنے جا رہے ہیں، برآمد کئے گئے 4 ارب 62 کروڑ میں سے مجموعی طور پر 3 ارب 53 کروڑ واپس دلوانے میں کامیاب ہو جائینگے۔

انہوں نے کہا نیب متعلقہ ریگولیٹرز کے فیل ہونے کے باوجود آپکے نقصانات کا ازالہ کروا رہا ہے، ریگولیٹرز کے فعال کردار نہ ادا  کرنے کیوجہ سے عوام کی کہیں سنوائی نہیں ہوتی بلکہ وہ تو عموما عوام کو ورغلانے میں کردار ادا کرتے پائے گئے، عوام کو بارہا انتباہ کرتے رہے ہیں کہ اپنے سرمایہ کی حفاظت کریں اور جعلی ہائوسنگ سوسائٹیوں میں پیسہ لگانے سے مکمل اجتناب کریں، مشاہدہ میں آیا کہ عوام کو دھوکہ دہی کیلئے مختلف ہائوسنگ سوسائٹیاں تھوڑا رقبہ قانونی جبکہ زیادہ غیر قانونی رقبہ پر مشتمل پائی گئیں، چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی “احتساب سب کیلئے” کی پالیسی کے متاثرکن اثرات عوام تک منتقل ہو رہے ہیں، لوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی وصول کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔