گوادر پورٹ فری زون ایریا کو افغانستان اور بلوچستان کے درمیان تجارت کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

203

اسلام آباد،6جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ فری زون ایریا کو افغانستان اور بلوچستان کے درمیان تجارت کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، گوادر بندرگاہ جیسے قومی منصوبوں کی کامیاب تکمیل کیلئے حکمت عملی اور وژن ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو دورہ گوادر کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر مملکت کو گوادر ماسٹر پلان اور گوادر پورٹ کے ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی اور ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ زیب خان کاکڑ نے گوادر پورٹ اور گوادر سٹی سے متعلق ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔

 صدر مملکت نے کہا کہ کراچی پورٹ کے ساتھ ساتھ افغانستان اور بلوچستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے گوادر پورٹ فری زون کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، گوادر پورٹ پر ٹریفک کی تیزی سے روانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لائیں اور اس حوالہ سے رکاوٹوں کو متعلقہ فریقو ں کے ساتھ مشاورت اور اعتماد سازی سے دور کیا جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ گوادر پورٹ جیسے قومی منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل اور فعال بنانے کیلئے حکمت عملی اور وژن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں گوادر کی ترقی میں سستی برتی گئی۔ انہوں نے پورٹ سے متعلق تمام صنعتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کی بروقت اور مقرر کئے گئے وقت پر تکمیل پر زور دیا۔

 صدر مملکت کو گوادر پورٹ کے ساتھ 19 کلومیٹر ایسٹ بے ایکسپریس وے سے متعلق بریفنگ دی گئی جو کوسٹل ہائی وے سے منسلک ہو گی اور گوادر کی مقامی آبادی کو متاثر کئے بغیر کارگو کی آمدورفت میں مدد فراہم کرے گی۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ گوادر میں فری زون کا علاقہ 60 ایکڑ ہے جس میں تخلیقی سہولیات، ہسپتال، سکول اور کئی صنعتوں کیلئے سہولیات شامل ہیں۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر سٹی اور گوادر پورٹ  کے ماسٹر پلان کے بارے میں بریفنگ دینے پر گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور گوادر پورٹ اتھارٹی کی تعریف کی اور دونوں اداروں پر زور دیا کہ وہ پورٹ اور گوادر شہر میں کام میں تیزی لائیں۔ انہوں نے دونوں اداروں پر زور دیا کہ ماسٹر پلان میں مقامی ماہی گیروں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے گوادر میں جدید چائنہ بزنس سنٹر  کی تعمیر پر چینی حکومت کی تعریف کی۔

 بریفنگ میں بلوچستان کے وزیر محصولات سلیم کھوسہ، بلوچستان کے وزیر مذہبی امور لالہ رشید، رکن صوبائی اسمبلی نور محمداور دیگر نے شرکت کی۔