وزیراعظم عمران خان  کا    برآمدات میں اضافہ  کیلئے   بین الوزارتی رابطوں اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری بڑھانے کی ضروت پر زور

122

اسلام آباد،7جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے برآمدات میں اضافہ کے لئے بین الوزارتی رابطوں اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری بڑھانے کی ضروت پر زور دیا ہے جبکہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزارت تجارت ایک ہفتہ میں ایکشن پلان تشکیل دے گی اور ترجیحی شعبہ جات میں ہونے والی پیشرفت سے ہفتہ وار وزیر اعظم کو آگاہ کرے گی۔

وزیر اعظم  کی زیر صدارت معاشی صورتحال پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ،محمد حماد اظہر،سینیٹر شبلی فراز،سید فخر امام،فواد احمد،وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود،گورنرسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر،وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر معید یوسف،ڈاکٹر فیصل سلطان اوراعلی حکام نے شرکت کی۔چاروں صوبوں،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈاکٹر معید یوسف نے اجلاس کو بتایا کہ مصنوعات اور خدمات کی برآمداتی استعداد کے بارے میں  متعلقہ وزارتوں، صوبوں اور نجی شعبہ کے تعاون سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی،ٹیکسٹائل، زراعت،میٹ،لیدر،پوٹری وسرامیکس، مشینری وآٹو پارٹس، دھات اور سرجیکل آلات سے اضافی 31 ارب ڈالر کی برآمدات ہو سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ طبی سیاحت،مذہبی سیاحت،ٹرانسپورٹ سروسز،افرادی قوت،فارماسوٹیککز،مابل اور گرینائٹ اور سالٹ مصنوعات سے اضافی 2 ارب ڈالر کی برآمدات ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات،امریکہ،برطانیہ،چین،جرمنی،فرانس،سپین،انڈونیشیا،الجیریا اور ملائیشیا کے ساتھ  16 ارب 70 کروڑ ڈالر کی اضافی برآمدات کی صلاحیت موجودہے۔انہوں نے انسانی وسائل کی تخصیص،پاکستانی فارن مشنیز کے لئے کلیدی کارکردگی اشاریے،انسانی وسائل کی تربیت اور وزارتی ڈھانچوں کی مضبوطی بارے جائزہ پیش کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد برآمدات میں اضافہ کے لئے طویل المدتی منصوبہ ہے تاکہ پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ترجیحی شعبہ جات میں بین الاقوامی بہترین حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے اور کامیابی کے حصول کے لئے عالمی ماہرین سے مشاورت نہایت اہم ہے۔انہوں نے برآمدات بڑھانے کے لئے وزارتوں کے درمیان رابطے بڑھانے اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت تجارت ایک ہفتہ میں  ایکشن پلان تیار کرے گی اور ترجیحی شعبوں پر پیش رفت بارے ہفتہ وار وزیر اعظم کو آگاہ کرے گی۔