اسلام آباد،7جنوری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان اور کیوبا کے مابین سیاسی سطح پر دو طرفہ تعلقات دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کثیر الجہت شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لئے اہمیت کے حامل ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں کیوبا کے سفیر گیبریلا ٹائیل کاپوتی کے ساتھ یہاں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں اطراف کے کاروباری وفود کو باہمی روابط بڑھانے چاہیئں تاکہ سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، کیوبا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تجارت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے دونوں اطراف کے لوگوں کو مزید قریب لانے اور کثیر الجہت تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لئے پارلیمانی رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا- انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریقین سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرتے ہوئےتجارتی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کریں گے۔
کیوبا کے سفیر نے پارلیمنٹ ہائوس میں پرتپاک استقبال کرنے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دوطرفہ مفاد کے لئے تجارتی اور کاروباری روابط کو وسعت دینے کے لئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا۔دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں سرگرمیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کیوبا کے سفیر 5 سال سے پاکستان میں خدمات پر مامور ہیں جو کسی بھی ملک میں ان کا طویل ترین دورانیہ ہے۔انہوں نے کیوبا کے عوام کے لئے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور محبت کے جذبات کی تعریف کی۔











