وزیراعلی بلوچستان جام کمال سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی ملاقات

102

کوئٹہ، 08 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب کی سربراہی میں پارلیمانی وفد نے  ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک افغان بارڈر چمن کی صورتحال اور بارڈر ایریاز پر عوام کو درپیش مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پرمعاون خصوصی محمد شہزاد ارباب نے کہا کہ  دونوں ممالک کے مابین تجارت کے ہموار عمل میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے، افغانستان کے لیے پاکستان کی نئی ویزا پالیسی سے طویل مدتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

 اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اضافے سے معیشت مستحکم اور مقامی آبادی کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جنوبی بلوچستان کیلئے جامع ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، پیکج کے تحت سرحدی علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ملاقات میں تمام بارڈر ایریاز کی ترقی کے لئے خصوصی پیکیج مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفد میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق، اراکین قومی اسمبلی شاندانہ گلزار، مولانا صلاح الدین ایوبی،  نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، ڈاکٹر حیدر علی خان و دیگر موجود تھے۔