اسلام آباد،9جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو کوئٹہ کا دورہ کیا اور سانحہ مچھ کے شہداءکے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری بھی موجود تھے۔
سانحہ مچھ شہداءکے لواحقین نے وزیراعظم عمران خان کو اپنی مشکلات سے آگاہ کیا اور اپنے شہید ہونے والے عزیروں کے بارے انہیں بتایا۔ وزیراعظم عمران خان نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہزارہ برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ پہلی بار کسی حکومت نے تحریری طور پر ان کے مطالبات کو تسلیم کیا ہے، متاثرین کا پورا دھیان اور خیال رکھا جائے گا۔ متاثرہ خواتین کی طرف سے اپنے اہل خانہ اور ہزارہ برادری کو درپیش مسائل بیان کرنے پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آپ کا ہر طرح کا خیال رکھے گی اور اس مرتبہ صورتحال بالکل مختلف ہو گی، اور وعدے پورے کئے جائیں گے۔











