سابقہ حکومتوں کاایجنڈالوٹ مارتھا جس کی بڑی مثال ملتان کامیٹروبس پروجیکٹ ہے ؛ وزیر مملکت عامرڈوگر

69

ملتان،9جنوری  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، سابق حکومت کا ایجنڈا لوٹ مار تھا جس کی بڑی مثال ملتان شہر میں ربوں روپے مالیت کا میٹرو بس پروجیکٹ ہے ۔

چونگی نمبر 14 چوک سے خونی برج تک ٹی بی ہسپتال روڈسیوریج لائن تبدیلی کے منصوبے کے  افتتاح کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم شہریوں کو بنیادی سروسز کی فراہمی اور عملی ترقی پر یقین رکھتے ہیں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ملتان شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے اور نئی سکیموں کا اجرااولین ترجیح ہے تاکہ عوام بنیادی سہولیات کے منصوبوں سے بروقت مستفید ہو سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کا ہے جو کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی توجہ سے حل ہونے جا رہا ہے۔

 معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ملتان شہر میں سیوریج مسائل کے حل کے لئے اربوں روپے کے فنڈزدے دیے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے شہری آبادیوں کو نکاسی آب کے دیرنیہ مسائل سے نجات مل جائے گی۔

قبل ازیں ایم ڈی واسا ناصر اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چونگی نمبر 14 چوک سے خونی برج تک ٹی بی ہسپتال روڈ کی سیوریج لائن 40 سال پرانی ہے جس وجہ سے نہ صرف ملحقہ آبادیوں میں نکاسی آب کے مسائل شدت اختیار کر چکے تھے بلکہ کراون فیلیئر کے متعدد واقعات رونما ہونے سے شہریوں کو تکلیف کا سامنا رہتا تھا اب ٹی بی ہسپتال روڈ پر 36 اور 42 انچ سائز کی کل 4 ہزار فٹ نئی سیوریج لائن ڈالی جائے گی جس سے گنجان آباد شہری علاقوں کو بہت بڑا ریلیف ملے گا ۔