ملتان،12 جنوری (اے پی پی ): جنرل بس اسٹینڈ میں قائم پناہ گاہ کو پولیس چوکی کی عمارت میں منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ذاتی کاوشوں سے عمارت پولیس سے خالی کرا لی گئی ہے، پولیس چوکی کو جنرل بس اسٹینڈ میں واقع متبادل عمارت فراہم کر دی گئی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر پناہ گاہ کی نئی عمارت کی تزئین و آرائش شروع کر دی گئی ہے ،عمارت کو رنگ و روغن کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ واٹر سپلائی اور واش رومز کے نظام کی اصلاح شروع کر دی گئی ہے ۔
پی ایچ اے کو عمارت کے کشادہ لان میں سبز گھاس اور خوبصورت پھول پودے لگانے کی ہدایت دی گئی ہیں ،عمارت کے اطراف سے کچرا اٹھانے کے لئے صفائی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ واسا نے عمارت کے قریب جمع کئے گئے بڑے پائپ منتقل کرنے کے کا کام کا بھی آغاز کر دیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے عمارت کو پنجاب کی سب سے خوبصورت پناہ گاہ میں بدلنے کا عزم کر رکھا ہے ،عارضی پناہ میں ضلعی انتظامیہ کو بہت سے مسائل کا سامنا تھا ۔انہوں نے کہا خوبصورت اور کشادہ عمارت کی وجہ سے مسافر،بے گھر اور غریب افراد کو بہترین رہائش اور سہولیات فراہم کریں گے۔











