اسلام آباد،12جنوری (اے پی پی):پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں زیر آب سے اینٹی شپ میزائلز اور تارپیڈوز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا ،پاک بحریہ کی آبدوزوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیر البحرایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے میزائلز اور تارپیڈوز فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔میزائلز اور تارپیڈوز فائرنگ کا شاندار مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پرمکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اورپاک بحریہ کے جوان اور آفیسرز ملکی سمندری سرحدوں اور بحری اثاثوں کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔











