عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار

84

لاہور،12جنوری(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے، عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری  اور فرض ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی پنجاب نے منگل کو یہاںسینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کے  دوران کیا ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گندم، آٹے کے سٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عبدالعلیم خان نے وزیراعلیٰ کوگندم و آٹے کے سٹاک و نرخوں اور اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم و آٹے کے سٹاک و نرخوں پر اطمینان کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ حکومت کے بروقت فیصلوں سے آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے، کسی کو صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مسترد شدہ اورمایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے،اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ہیں،عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔

 عبدالعلیم خان نے کہا کہ  ہمارے اقدامات سے صوبے میں آٹے کی قیمت مستحکم ہوئی ہے،محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔