پاکستان اورافغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

84

اسلام آباد،12جنوری  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے،پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔خطے میں امن و استحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے۔

ان خیالات  کا اظہار  انہوں افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنماء محمد کریم خلیلی سے  ملاقات کے دورن کیا  ، جنہوں   نے   وفد کے ہمراہ منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات  کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کریم خلیلی اور وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی اور یکساں ثقافتی و تہذیبی اقدار پر استوار برادرانہ تعلقات ہیں۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں،افغان قیادت کو قابل قبول جامع سیاسی مذاکرات ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے،پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات میں اب تک ہونیوالی پیش رفت خوش آئند ہے ،ہم دوحہ میں شروع ہونیوالےبین الافغان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے ،بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے   کہا کہ بدقسمتی سے بھارت افغانستان میں صورتحال کو خراب کررہا ہے اور ہم نے اس حوالے سے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے لوگوں کی سہولت کیلئے نئی  ویزہ پالیسی متعارف کروائی ہے ۔اس کے علاؤہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں   نے کہا کہ ہم پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی جلد، باعزت اور پر وقار وطن واپسی کے متمنی ہیں۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ،کوئی بھی ملک پاکستان سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا متمنی نہیں،ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں امن و استحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے ۔

افغان حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا۔انہوں نے گذشتہ کئی دہائیوں سے افعان مہاجرین کی میزبانی پر بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔