اسلام آباد،22جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظہبی گروپ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں ظہبی گروپ کے سی ای او تنویر حسین اعوان، ڈائریکٹر سلمان ناصر عبداللہ البدی اور پاکستان کے کنٹری ہیڈ محمد شہباز خان شامل تھے ۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی اور چیئرمین بی او آئی عاطف بخاری بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیر اعظم عمران خان کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے وژن اور بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری میں آسانیاں فراہم کرنے کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام کے حوالے سے اقدامات لائق تحسین ہیں، موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت عالمی سرمایہ کار کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہوا ہے ۔ سی ای او ظہبی گروپ وفد نے موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ظہبی گروپ کے لاہور میں اعلی تعمیراتی منصوبے مبارک سینٹر، جو گزشتہ 15 سالوں سے التوا کا شکار تھا، کاآغاز کیا جا رہا ہے۔ وفد نے اس ضمن میں حکومت پاکستان کی جانب سے گروپ کو سرمایہ کاری کے حوالے سے آسانیوں کی فراہمی پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔وزیراعظم عمران خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں۔وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو ون ونڈو کے تحت سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ظہبی گروپ کی جانب سے مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں۔











