اسلام آباد ،28 جنوری (اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ خیبر پختونخواہ اور پنجاب کی جامعات کے انتظامی امور، تدریسی عمل کے معیار، مالی امور میں شفافیت، میرٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے امور پر اجلاس ہوا ۔
شرکاء کو صوبوں کی جامعات میں کے تنظیمی امور، مالی مسائل، طلباء کے تدریسی عمل میں معیار برقرار رکھنے، سیاسی مداخلت ختم کرنے ، خلاف ضابطہ بھرتیوں سے پیش آنے والے مسائل، میرٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے ، جامعات میں تجربہ کار سربراہوں کی تعیناتی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی جامعات سے ہمارے ملک کا مستقبل وابستہ ہے۔ جامعات میں معیاری تدریسی عمل کا تسلسل اور طلباء کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔
وزیر اعظم نے جامعات میں انتظامی عہدوں پر ماہر اور تجربہ کار عہدیداروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ جامعات کے سربراہوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کے حوالے سے ایک متوازن اور موثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ جامعات میں اعلی تعلیمی ماحول کی فراہمی ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ انتظامی امور میں بھی نمایاں بہتری لائی جا سکے۔
اجلاس میں وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، گورنر پنجاب چوہدری سرور ، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، صوبائ وزیر تعلیم پنجاب راجہ یاسر ہمایوں، صوبائ وزیر تعلیم خیبر پختونخواہ کامران بنگش شریک تھے۔ ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے ۔