وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یورپی یونین کی سفیراندرولا کمینار کی ملاقات 

86

لاہور،16 فروری(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یورپی یونین کی سفیراندرولا کمینار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یورپی یونین کے سفیر کی جانب سے واٹر ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے تکنیکی معاونت کی پیشکش کی گئی۔ ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں گفتگو کے دوران عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان او یورپی یونین کے ممالک کے مابین انتہائی دوستانہ اور معاشی تعلقات موجود ہیں، سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے یورپی یونین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کاایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے، یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ ان تعلقات میں بہتری سے عوام کو فائدہ پہنچے گا، جی ایس پی پلس کے حوالے سے پاکستان نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان میں بلا امتیاز سب شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہماری توجہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر ہے، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبہ میں ویلیو ایڈیشن کی بےپناہ گنجائش ہے۔انہوں نے  کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے ان سیکٹرز میں ٹیکنالوجی کی فراہمی کا خیرمقدم کریں گے۔

 معاشرے سے انتہا پسندانہ رجحانات کے خاتمے کیلئے نظریاتی وفکری محاذ پر بھی انقلابی اقدامات کئے ہیں –

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہر قدم پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کی جانب اٹھ رہاہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس سفر کی جانب گامزن ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ تحمل،برداشت، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی پاکستان ہماری منزل ہے۔

اس موقع پر سفیر یورپی یونین نے کہا  کہ پاکستان نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے مثبت پیش رفت کی ہے،پنجاب حکومت کے ساتھ واٹر ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے تعاون کیلئے تیار ہیں۔