سکھر،18فروری(اے پی پی): پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ ،ان کی دو بیگمات ،دو بیٹوں ایم پی اے فرخ شاہ ،زیرک شاہ اور داماد صوبائی وزیر اویس قادر شاہ اور ان کے بھائی جنید قادر شاہ سمیت 18 ملزمان کے خلاف نیب کہ جانب سے ایک ارب 23 کروڑ روپے کے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں داخل ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج فرید انور قاضی نے کی ۔
عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور ملزمان کے وکلاءنے دلائل دیئے۔
سماعت کے دوران خورشید شاہ کے بھتیجے اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ کے بھائی ریفرنس کے ملزم سید جنید قادر شاہ نے درخواست پیش کی کہ وہ سعودی عرب کی ایک کمپنی میں ملازم ہیں اور انہیں اس لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے انہیں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی شرط پر ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی ۔
بعد ازاں سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی گئی، سماعت کے موقع پر سکھر انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔











