حلقہ این اے 75 سیالکوٹ 4 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

125

سیالکوٹ،19فروری(اے پی پی): قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ 4 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے، پولنگ کا آغاز  صبح 8 بجے سے ہوا جو  بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک  جاری رہے گا۔اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل ہیں، حلقے میں پرامن پولنگ کے لئے  سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پولیس کے علاورینجرزکے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

حلقہ این اے 75 سیالکوٹ 4ضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کی25یونین کونسلزجبکہ تحصیل پسرور کی 4یونین کونسلزپرمشتمل ہے۔ جن میں علاقے بڈھا گورائیہ،ستراہ،میرتانوالی،راجہ گھمان،بھڑتھانوالہ،بھروکے،گھلوٹیاں،قلعہ کالروالہ اورسوکن ونڈ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ اس حلقے کی کل ووٹروں کی تعداد 4لاکھ94ہزار3ہے۔جن میں سے 2لاکھ73ہزار6مرددووٹر اور2لاکھ20ہزار997خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

 این اے 75کے ضمنی انتخاب کے لئے360پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں 106مرد پولنگ اسٹیشن،106خواتین پولنگ اسٹیشن اور148مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ مرد، خواتین اور مشترکہ پولنگ اسٹیشنوں کو اے بی اورسی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے یوں مردوں کے پولنگ اسٹیشنوں میں اے کیٹیگری کے12، بی کیٹیگری کے55اورسی کیٹیگری کے39پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ خواتین پولنگ اسٹیشنوں میں اے کیٹیگری کے2، بی کیٹیگری کے41اور سی کیٹیگری کے63پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ مشترکہ پولنگ اسٹیشنوں میں اے کیٹیگری کے11، بی کیٹیگری کے59اورسی کیٹیگری کے78پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ سیٹ مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی سیدافتخار الحسن شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔ اس نشست پرپاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی حمایت یافتہ مسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخارمدمقابل ہیں جبکہ تحریک لبیک کے خلیل احمد سندھو اور دیگر 6 آزادامیدواربھی میدان میں ہیں۔