مظفرگڑھ 22،فروری (اے پی پی ):پاکستان کو ایک مضبوط ریاست بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم پاکستان کو اندر سے مضبوط بنائیں، لوگوں کے درمیان حق پر فیصلہ کریں ان کے حقوق ان تک پہنچائیں اور دوسروں کے ساتھ ایسا معاملہ کریں جیسا ان کے توقع رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں پیغام پاکستان کانفرس کے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع ممبر صوبائی اسمبلی عون حمید ڈوگر، ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد ڈاکٹر پروفیسر محمد ضیاء الحق، ڈی پی او حسن اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق، پروفیسر کوثر عباس بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ ہم نے اپنے معاشرے کے افراد میں یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ ایک دوسرے کے حق پر ڈاکہ نا ڈالا جائے تاکہ ایک مضبوط معاشرہ تشکیل پائے جب معاشرہ مضبوط ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دینی او مذہبی اقدار پر کردار سازی کرنا ہے اور اس کیلئے پیغام پاکستان کو سکولوں کے بچوں تک پہنچانا ہے جہاں ایک قوم تیار ہوتی ہے تاکہ ان میں جذبہ حب الوطنی پیدا ہو اور یہ ملک امن او ر سلامتی کا گہواہ بن سکے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی عون حمید ڈوگر نے کہا کہ پیغام پاکستان کیلئے ہم نے عوام کو آگاہی دینا ہے، میڈیا اور سوشل میڈیا پر دشمن کے بیانیے کی نفی کرتے ہوئے ایک قومی بیانیے کو اپنانا ہے تاکہ شدت پسندی، انتہا پسندی اور دہشت کا خاتمہ ہو۔ ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد ڈاکٹر پروفیسر محمد ضیاء الحق نے کہا کہ پاکستان کو ایک اسلامی ریاست بنانے کیلئے اپنے رہن سہن کو دور حاضر کے بدلتے ہوئے اصولوں کے مطابق ڈھالنا ہے۔ اپنی خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے، ان کی اصلاح کرنی ہے، اپنی خوبیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن اسلام کے نام پر منافرت، دہشت گردی اور فساد پھیلارہا ہے جس کو قلع قمع کرنے کیلئے پیغام پاکستان کو اپنانا ہے جو ایک قومی بیانیہ ہے جس پر ملکی او راسلامی ریاستوں کے علماء کرام بھی متفق ہیں۔ انہوں نے پیغام پاکستان کے مختلف پہلو پر بھی روشنی ڈالی۔ کانفرنس سے بہاؤالدین یونیورسٹی کے پروفیسر ز ڈاکٹر القاب حسین لنگڑیال، ڈاکٹر مقرب، مولانا عبدالمعبود آزاد نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ نوجوان ہماری بڑی طاقت ہیں، قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق اور ایک زبان اردو پر متفق ہو کر پیغام پاکستان کو آگے بڑھانا ہے۔ ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کرنا ہے، اپنے اندر موجود ملک دشمن عناصر کا آلہ کار بننے والے افراد کی نشاندہی کرنا ہے اور ان کی سرکوبی کرنا ہے۔کانفرنس میں مظفرگڑھ کے معروف شاعر محمد افضل چوہان نے اپنی نظم پاکستان کی آواز پڑھ کر سنائی جبکہ ام کلثوم سیال نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے۔ کانفرنس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شعیب مگسی،پرنسپل کوڑے خان سکول طاہر بشیر، رانا محمد افضل، قاری عبدالغنی ثاقب، غضنفر عباس نقوی، سید امیر حسین، شیخ عامر سلیم،ضلعی کوارڈینیٹر ڈی ایم اے سی عبدالقیوم، ڈی ڈی ای او شاہد سیال، سعدیہ، ناظم بلوچ، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اساتذہ، طلباء اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔