لاہور،25فروری(اے پی پی):وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے جمعرات کو یہاں ڈسٹرکٹ جیل قصور کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے قصور جیل میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت کنٹرول روم اور عام قیدیوں کی بیرکس میں بنائے گئے نئے واش رومز کا افتتاح کیا۔
دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کے تعاون سے قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ سردیوں میں قیدیوں میں گرم کپڑے اور کمبل بھی تقسیم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات محدود وسائل کے باوجود بہترین انداز میں کام کر رہا ہے۔ اگلے ڈھائی سال میں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب دوسرے صوبوں کے لیے قابل تقلید مثال ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں جامع جیل ریفارمز ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔آئی جی جیل خانہ جات ، ہوم ڈیپارٹمنٹ، ڈی آئی جیز اور سپرنٹینڈنٹ حضرات کے تین کور گروپس کے ذریعے پرفارمنس مانیٹرنگ کر رہا ہوں، پنجاب کی تمام جیلوں کے پی سی اوز میں پانچ مجوزہ نمبروں کے ساتھ میرا نمبر آویزاں ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں پہلی دفعہ قیدی براہ راست ایک وزیر جیل خانہ جات کے ذاتی نمبر پر شکایات درج کروا سکتے ہیں۔قیدیوں اور جیل ملازمین کی بہتری کے لیے پنجاب پرزن فاؤنڈیشن ریفارمز بھی زیر غور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈسکہ وزیر آباد انتخابات کے بعد بیس پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا اعلان کر کے دل جیت لیا، وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ ظرفی اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صلاح الدین ایوبی کی یاد تازہ کر دی۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 2013 انتخابات میں ن لیگ نے لاکھ حیلے بہانے کر کے چار حلقے نہ کھولنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کا پاکستان میں نہ دل لگ رہا ہے، نہ دا۔جھوٹوں کی آئی جی بیگم صفدر اعوان کی جانب سے ڈسکہ انتخابات سے متعلق شیئر کی گئی ویڈیو بھی فیک نکلی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی پیشکش کے بعد اب ن لیگ حسب توقع یو ٹرن لینے کے چکروں میں ہے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ڈسکہ اور وزیر آباد انتخابات میں 2018 کی نسبت پی ٹی آئی کے ووٹ بنک میں 110 فیصد اضافہ ہوا ہے،پی ٹی آئی سینیٹ میں بھی بڑے مارجن سے جیتنے کے لیے پرامید ہے۔