لاہور, 8جنوری (اے پی پی): خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا ہر مذہب خواتین کا احترام اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کا درس دیتا ہے، تحریک انصاف کے دور حکومت میں خواتین کی ہر سطح پر نمائندگی یقینی بنائی جا رہی ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے، آج کے دن ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ ملکر خواتین پر ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کے ساتھ برابری کے حقوق فراہم کریں گے، کم عمری کی شادی کی روک تھام اورخواتین کو ہراساں کرنا جیسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کر نا ہوگی،تحریک انصاف کی حکومت میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے موثر قانون سازی کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سرچ فار جسٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر افتخار مبارک نے کہا آج سب کے اکٹھے ہونیکا مقصد ہے کہ ہر شعبہ میں نمایاں کارکردگی دکھانیوالی پاکستانی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جائے، خواہاں ہیں کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر ایسی حکمت عملی ترتیب دیں کہ صوبہ بھر میں خواتین کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔











