اوکاڑہ ۔9مارچ )اےپی پی): خواتین کے لئے بنائے گئے قوانین سے آگہی وقت کی اہم ضرورت ہے دین اسلام کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم خواتین کو انکے حقوق دے سکتے ہیں، دین اسلام نے عورت پر احسان عظیم کیا اسکو ذلت اور پستی کے گڑھوں سے نکال کر بے پناہ حقوق عطا کیے۔ ان خیالات کا اظہارمعروف سوشل ورکر /سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ نےگورنمنٹ ای لائبریری میں عالمی یوم خواتین کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر مسزنائلہ محبوب، ڈسٹرکٹ ڈیمو گرافر محمد بخش،صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس محمد مظہررشید چودھری نے بھی خطاب کیا مقررین نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں،خواتین کو معاشرتی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہیں وقت کی ضرورت ہے کہ ان کوتعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے معاشی اور معاشرتی مسائل حل کیے جاسکتے ہیں،مقررین نے کہا کہ اسلام میں لڑکیوں کی تعلیم وتربیت کی طرف خاص توجہ دلائی گئی،کیونکہ علم کے بغیر عورت نہ تو اپنے حقوق کی حفاظت کرسکتی ہے اور نہ ہی اپنی ذمہ داریوں کواحسن انداز میں ادا کرسکتی ہے اسی لیے دین اسلام میں مرد کے ساتھ ساتھ عورتوں کی تعلیم وتربیت کو انتہائی ضروری قرار دیا گیا ہے، سیمینار میں محکمہ بہبود آبادی کے سٹاف سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔










