نارووال،10 مارچ ( اے پی پی): صوبائی وزیراوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سعید الحسن شاہ نے نارووال کا دورہ کیا ،کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے صوبائی وزیر اوقاف کوضلع بھر میں ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے پرائسزسمیت کورونا ویکسی نیشن،ڈینگی سرویلینس،پولیو،کلین اینڈ گرین اور ترقیاتی کاموں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔
صوبائی وزیر اوقاف نے اس موقع پرافسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیرا علی پنجاب سردار عثمان بزدار کی گڈگورننس ،ٹرانسپرنسی اورسروس ڈیلیوری کے ویژن کوعملی جامہ پہناتے ہوئے واپڈا،سوئی گیس اور دیگر اداروں اور محکموں سے متعلق شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جائے،پرائس میکنیزم کو مزید بہتر انداز میں فعال بنایاجائے، مفاد عامہ کے لئے شروع کی گئی اسکیموں کی تکمیل کو بروقت یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی کاموں کو تیز کیاجائے جبکہ فنڈز کو کسی صورت ضائع نہیں ھونا چاہیے بصورت دیگر متعلقہ افسران ذمہ دار ہوں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر ہر پندرہ روز بعد ترقیاتی کاموں کی رپورٹ فراہم کریں،افسران اوپن ڈور پالیسی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے مسائل کے ازالے کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں،کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ویکسی نیشن فرنٹ لائن پر کام کرنے والے سٹاف کو لگائی جائے،وزیراعلی پنجاب کے صاف ستھرا پنجاب ویژن کے تحت صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنایا جائے۔
اجلاس میں ڈی پی او سید علی اکبر شاہ نے امن و امان سمیت سول ڈیفنس،ہائی ویز،پبلک ہیلتھ ،ایم ایس ڈی ایچ کیو و دیگرتمام افسران نے اپنے محکموں کی کارکردگی سے صوبائی وزیر اوقاف کوآ گاہ کیا ۔صوبائی وزیر اوقاف پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ عوامی مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں کوئی کسرنہ اٹھا رکھی جائے کیونکہ عوامی توقعات پر پورا اترنے اورمحکموں کی بہتر کوارڈی نیشن کی بدولت ہی ضلع کی ترقی خوشحالی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسران دلجمعی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔
صوبائی وزیر اوقاف پیر سید الحسن شاہ نے ڈپٹی کمشنر نارووال اور ڈی پی او نارووال کی کارگردگی پر بھرپوراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسران جس طرح ضلع میں انتظامی اموراورامن و امان قائم رکھنے کے حوالے سے شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد حنیف،عائشہ غضنفر,اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ عمر فاروق وڑائچ،اسسٹنٹ کمشنر سیدہ تہنیت بخاری،عرفان مارٹن،عثمان اکرم کے علاوہ انڈسٹریز،زراعت،سول ڈیفنس،صحت ،تعلیم،ریسکیو1122،ہائی ویز،پبلک ہیلتھ ،آبپاشی،جنگلات ،تحصیل و میونسپل کمیٹیز سمیت دیگر محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر اوقاف پنجاب نے ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن کے ہمراہ ڈی سی کمپلیکس میں محکمہ جنگلات کے زیراہتمام کلین اینڈ گرین کے حوالے سے پودا بھی لگایا۔
بعد ازاں صوبائی وزیراوقاف پنجاب نے ڈپٹی کمشنر نارووال کے ہمراہ نارووال پبلک سکول میں قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا، اور سنٹر میں محکمہ صحت کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد اور فوکل پرسن ڈاکٹر محمد طارق نے اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف پنجاب کو ضلع بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام ،اسکے خاتمے اور حکومت کی طرف سے ملنے والی کورونا ویکسی نیشن کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے آگاہ کیا۔











