پشین ،10مارچ ( اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشین امین اللہ ناصر نے کہا ہے کہ معاشرے سے پولیو کی بیماری کامکمل خاتمہ ایک قومی مقصد ہے اور ہم سب کو یہ فریضہ عبادت سمجھ کر پورا کرنا چاہئے اور قومی جذبے و لگن کے ساتھ اس مہم کا حصہ بننا چاہئے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ ضلع پشین میں انسداد پولیو کی آئندہ قومی مہم 29 مارچ تا 4 اپریل تک جاری رہے گی، مہم کے دوران ضلع بھر کے تمام پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، اجلاس کے شرکاء کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمدسعید میروانی کی جانب سے پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ڈبلیو ایچ ا وکے ایریا کوارڈینیٹر ڈاکٹر صفدر زرکون، ڈاکٹر عبدالاحد، سید کلیم اللہ آغا، ڈاکٹر نجیب اللہ، پی پی ایچ آئی سمیت ضلعی محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے افسر ان نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امین اللہ ناصر نے ہدایت کی کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے سو فیصد اہداف کے حصول کےلئے مائیکرو پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور والدین کی آگہی کے لئے تشہیر کے ہر ممکن ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات پروگر ام پر بھی خصو صی توجہ جاری رکھی جائے اوروالدین کو آگہی فراہم کریں تاکہ محکمہ صحت کے شیڈول کے مطابق بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات نہایت ذمہ دار ی سے لگوائیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کی بیماری اور اس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی اور شعور بڑھانا وقت کی ضرورت ہے اور ا س سلسلے میں فیلڈ اسٹاف کی تربیت، مربوط منصوبہ بندی اور حکمت عملی کی ضرورت پر خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران درپیش تمام مشکلات اور مسائل کو حل کیا جائے گا، تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے چھٹکارہ مل سکے۔











