ملتان، 12 مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی نے اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے مارکیٹوں کے دورہ کے دوران اشیائے ضروریہ کی کوالٹی کو بھی چیک کیا۔
ڈپٹی کمشنرنے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ناجائز منافع خوری کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، تمام دکاندار شاپس پر نمایاں جگہوں پر ریٹ لسٹ آویزاں کریں گے، ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنیوالالے دکانداروں کو جیل بھیجا جائے گا اور مضر صحت اور غیر معیاری اشیائے ضروریہ فروخت کرنیوالوں کو قانوں کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
قمرالزمان قیصرانی نے صارفین سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا شہریوں کی صحت اور جان حکومت کو سب سے زیادہ عزیز ہےبیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کرنیوالے قصابوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے گا، محکمہ لائیو سٹاک کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، غیر قانونی سلاٹرنگ کو روکا جائے گا، اگر کسی بھی جگہ محکمہ لائیو سٹاک کی تصدیقی مہر کے بغیر گوشت فروخت ہو رہا ہو تو شہری براہ راست مجھ سے رابطہ کریں ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پورے ضلع میں پرائس چیکنگ کے لئے پرائس مجسٹریٹس کو متحرک کردیا گیا ہے، رمضان بازاروں کے انعقاد کے لئے پیپر ورک شروع کر دیا گیا ہے، ماہ رمضان میں حکومت نے اشیائے ضروریہ پر بھاری سبسڈی دینے کا پلان تیار کیا ہے ہر رمضان بازار میں یوٹیلٹی سٹور کا سٹال بھی لگایا جائے گا۔











