گھوٹکی ،15 مارچ (اے پی پی ): خانپور مہر میں اجتماعی شادیوں کی رنگا رنگ تقریب سجائی گئی، 30 مستحق جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، دولہوں اور دلہنوں کے چہرے کھل اٹھے، گیتوں پر شرکاء جھوم اٹھے، خوشی کا سماں۔
رکن قومی اسیمبلی سردار محمد بخش خان مہر اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے احمد سائیں اسٹیڈیم خانپور مہر میں اجتماعی شادیوں کی ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں 30 سجے سنورے دولہے اور روايتی سرخ جوڑا پہنے دلہنيں موجود تھيں جو کہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ نئے جوڑوں نے زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے رکن قومی اسیمبلی و ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران مستحق بیٹیوں کو باعزت انداز میں رخصت کرنے کیلئے اُنہيں ضروریات زندگی کا تمام گھريلو سامان دیا گيا جبکہ دولہوں کو موٹرسائکلیں بھی دیں گئیں. اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سردار محمد بخش مہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرنے کا بنیادی مقصد علاقے کے غریب و نادار والدین کی پریشانی کو کم کرنا ہے کیوں کہ بڑھتی ہوئی غربت کی وجہ سے جوان بیٹوں و بیٹیوں کے والدین شدید مشکلات سے دوچار ہیں. انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور نفسا نفسی کے اس دور میں شادیوں کی اجتماعی تقاریب کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ سفيد پوش والدين باعزت طور پر اپنا فرض ادا کرسکیں، رکن قومی اسیمبلی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 30 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروائی گئیں ہیں کوشش کریں گے کہ مستقبل میں مزید مستحق جوڑوں کے نکاح کا بندوبست بھی کیا جائے. انہون نے مزید کہا کہ وہ ضلع گھوٹکی کے عوامی مسائل سے بخوبی واقف ہیں، بنیادی مسائل کرنے کی کوشش کی جاری ہے، خانگڑہ کے طالب علموں کے لئے لائبریری کو جدید بنائیں گے. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبدﷲ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار محمد بخش خان مہر کے تعاون اور ہدایات کے مطابق خانگڑہ تحصیل کی 6 یونین یوسیز میں سے سرسو کی مدد سے 30 مستحق جوڑون کا انتخاب کیا گیا اس سلسلے میں میرٹ کا مکمل خیال رکھا گیا ہے. ڈپٹی کمشنر نے تمام شادی شدہ جوڑوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دولہوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی جیون ساتھی کا مکمل خیال رکھتے ہوئے عزت و احترام سے پیش آئیں اور مکمل ذمہ داری قبول کریں تا کہ ان کے گھروں کا ماحول خوش گوار طریقے سے چل سکے. انہوں نے بتایا کہ تمام جوڑوں کو ضروری گھریلو سامان فراہم کیا گیا ہے جبکہ دولہوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے موٹرسائیکلیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ اپنا روزگار کرسکیں۔ تقریب کے دوران رکن قومی اسیمبلی سردار محمد بخش خان مہر اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے دولہوں کو ہار پہنائے اور دولہنوں کے سروں پر ہاتھ رکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر مولانا اسحاق لغاری نے دعا خیر بھی منگوائی۔
تقریب میں رکن قومی اسمبلی سردار محمد بخش خان مہر اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبدﷲ سمیت جوڑوں کے خاندانوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔











