لاہور؛ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ایکسپو سنٹر میں کورونا ویکسینیشن کاؤنٹرز کا دورہ

44

لاہور، 16مارچ (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں کورونا ویکسینیشن کاؤنٹرز کا دورہ کیا اور بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل اور فراہم کردہ سہولتوں کا معائنہ کیا۔

 وزیراعلیٰ نے ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہا اور ویکسین لگوانے والے بزرگ شہریوں کی خیریت دریافت کی جس پر بزرگ شہریوں نے وزیر اعلیٰ بزدار کا شکریہ ادا کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

 بزرگ شہریو ں کے ساتھ آنے والے عزیز و اقارب نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت نے بزرگ شہریوں کیلئے ویکسین لگوانے کیلئے شاندار انتظامات کئے ہیں، ہم آپ کے انتظامات کو سراہتے ہیں، آپ اور آپ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے، پنجاب کے ہر ضلع میں سنٹرز قائم کئے گئے ہیں، بزرگ شہریوں کو سنٹر میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے آج ایکسپو سنٹر کا دورہ کیا،خوشی ہے کہ بزرگ شہریوں کو عزت و احترام کے ساتھ ویکسینیشن کا عمل جاری ہے،کورونا کی حالیہ لہر خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  حکومت نے عوام کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کئے ہیں، موجودہ حالات میں عوامی اجتماعات کرنا کوئی دانش مندی نہیں، ہم سب کو سب سے پہلے شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ کرنا ہے۔