پشاور، 17مارچ(اے پی پی): لاہور پریس کلب کے صدر ارشاد انصاری کی قیادت میں لاہور کے صحافیوں کے 20 رکنی وفد نے منگل کو یہاں ٹرانس پشاور کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں انکو بی آر ٹی حکام کیجانب سے بی آر ٹی اور متعلقہ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ٹرانس پشاور میں قائم جدید کنڑول روم کا دورہ بھی کرایا گیا۔
وفد نے بی آر ٹی پشاور کے کامیاب آغاز اور زو بائیسیکل شیرینگ سسٹم کی پذیرائی کرتے ہوئے لاہور میں بھی زو بائیسیکل شیرینگ سسٹم کی طرح کے پراجیکٹ لانچ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور ایک بہترین اور کامیاب سفری منصوبہ ہے اور اسکے خلاف بلاوجہ منفی پراپیگنڈا کیا جاتا رہا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سی ای او ٹرانس پشاور، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔











