لاہور،17مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیرِ صدارت لاہور میں محکمہ زراعت کے مختلف شعبہ جات کے پرفارمنس کنٹریکٹ کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ محکمہ زراعت میں خدمات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کے لئے فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔کارکردگی معاہدہ کا مقصدKey Performance Indicators کی بنیاد پر ترقیاتی اور غیر ترقیاتی خدمات کی فراہمی کے لئے منصوبہ بندی اور محکمہ زراعت کے مختلف شعبوں کی کارکردگی پر نظر رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اعلی افسران نہ صرف اپنے محکمے سے بلکہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام سے یہ عہد کیا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں سے جمع شدہ رقوم کی پائی پائی کو اُن کی امانت جانتے ہوئے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے استعمال کریں گے۔افسران کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے اپنے دئیے گئے ٹارگٹ کو کسی کوتاہی کے بغیر مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کریں گے ۔ مجھے یقین ہے یہاں موجود تمام اعلیٰ افسران کے بہترین دماغ سے ترتیب دئیے گئے منصوبہ جات ہمیں زرعی خود کفالت سے ہمکنار کرائیں گے ۔اس آفیشل ڈاکومنٹ کی بنیاد پر محکمہ کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا سہ ماہی بنیاد پر باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا ۔
وزیر زراعت نے کہا کہ کارکردگی معاہدہ کے تحت افسران کے لئے سزا اور جزاء کا نظام متعارف کرایا جائے گا اور اُن کی ترقی کے لئے کارکردگی کو بنیاد بنایا جائے گا۔اس نظام پر عملدرآمد سے محکمہ زراعت پر کاشتکاروں و دیگر اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔یہ پر فارمنس کنٹریکٹ اس ” لاگ فریم اپروچ” کی بنیاد پر تیار کیا گیاہے جسے بین الاقوامی ترقیاتی تنظیمیں استعمال کرتی ہیں اور ان منصوبوں کے نتائج کو مقررہ فریم ورک کے مطابق جانچا جاتا ہے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پرفارمنس کنٹریکٹ کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت،نگرانی اور حکمت عملی سے ترقیاتی و پیداواری اہداف کا حصول آسان ہوگا محکمہ کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے افسران کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع بھی ملے گا۔
تقریب میں سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی سمیت محکمہ کے ذیلی شعبہ جات کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس نے شرکت کی۔











