لاہور،25 مارچ(اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ،موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کا واحد حل شجرکاری ہے، میاواکی جنگل میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں، پچاس کنال پرمحیط لاہو رمیاواکی جنگل جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی سائٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے لاہور میں جلو بوٹینیکل گارڈن میں میاواکی جنگل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت شجر کاری کے فروغ کیلئے شہر میں 51مقامات پر جاپانی ٹیکنیک کے تحت جنگل لگانے کا عمل جاری ہے، جلو بوٹینیکل گارڈن میں ایشیا کی سب سے بڑی سائٹ پر پچاس کنال میاواکی جنگل کے پودے لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، لاہور کو آلودگی سے پچانا ہے زیادہ سے زیادہ جنگلات لگانا ناگزیر ہے، پی ایچ اے کی کاوش سے جنگل بوٹینیکل گارڈن میں پچاس کنال اراضی پر 20اقسام کے پودے لگا ئے گئے ہیں، معاون خصوصی نے کہاکہ میاواکی جنگل کی تکمیل پر پی ایچ اے حکام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے 25مارچ تک پچاس سائٹس مکمل کر لی ہیں ان پچاس سائٹس میں 5لاکھ پودے لگائے گئے ہیں، ملک امین اسلم نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ لاہور میں 2 سو سائیٹں پر میاواکی کے پودے لگا ئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہوریوں کیلئے خوشخبری ہے کہ میاواکی جنگل سموگ کے خاتمے کا باعث بنیں گے، کوشش ہے کہ میاواکی کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے پورے ملک میں پودے لگائے جائیں تاکہ ماحول کو صاف ستھرا بنایا جا سکے، اس سلسلہ میں اسلا م آباد میں 20 جبکہ کے پی کے کی 100مختلف جگہوں پر میاواکی کے جنگل لگائے جا چکے ہیں، میاواکی کے پودے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے بہت کارآمد ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں آلودگی کی سب سے بڑی وجہ پڑوسی ملک بھارت ہے جس طرح پاکستان آلودگی پر کنٹرول کر رہا ہے ویسے بھارت کو بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کو دعوت دیتے ہیں کہ مل کر ماحولیاتی تبدیلی کیلئے اقدامات کریں کیونکہ یہ لوگوں کی زندگیوں کا مسئلہ ہے ، ایک اور سوال کے جواب میں ملک امین اسلم نے کہا کہ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے حوالے سے مضبوط حکمت عملی بنا رہے ہیں جس کے تحت زرعی رقبے پر ہاﺅسنگ سوسائٹی نہیں بنا ئی جا سکے گی، وزیراعظم عمران خان خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں،اگست تک تمام شہروں کاماسٹر پلان ترتیب دے دیا جائے گا۔
اے پی پی/لاہور/فرح