پشاور، 2اپریل(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ کامران بنگش جمعہ کے روز مرحوم سینئر صحافی رحمت خان کے گھر گئے جہاں انہوں نے مرحوم رحمت خان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے مرحوم کے بچوں اور بھائیوں سے خصوصی طور پر ملاقات کرکے انہیں وزیر اعلی محمود خان کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔
اس موقع پر کامران بنگش نے حکومت کی طرف سے مرحوم کے ورثاء کو امدادی چیک بھی حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے ورثا کو صوبائی حکومت کی طرف سے مزید امداد بھی دی جائیگی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔معاون خصوصی نے کہاکہ صحافت کے لئے مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صحافیوں کی ہر ممکن امداد کررہی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔











