میرپورخاص، 02 اپریل(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سلامت میمن نے کہا ہے کہ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ضلع انتظامیہ تمام تر ممکنہ اقدامات کررہی ہے اس لئے عوام بالخصوص تاجروں کو چاہئے کہ وہ ایس اوپیز پر خود بھی عمل کریں اورعوام کوبھی عمل کرنے کی پابند کریں اس امرکااظہارانہوں نے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں دربارہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تاجر برادری پرزوردیاکہ بغیر ماسک کے آنے والے خریداروں کو دکان میں داخل نہ ہونے دیں اورکہا کہ اس ضمن میں اچانک معائنے کئے جائیں گے خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کئے جائیں گے،نوٹیفکیشن کے تحت6سے11اپریل تک مارکیٹ،شاپنگ سینٹر اورتجارتی مراکز صبح 6سے رات8بجے تک کھلے رہیں گے ریسٹورینٹ میں بیٹھ کررات10بجے کے بعدکھانے پر پابندی ہوگی جبکہ رات 10بجے کے بعد صرف ہوم ڈلیوری سروس کی اجازت ہوگی سماجی ثقافتی سیاسی مذہبی،کسی بھی قسم کی شادی کی تقریبات، کھیل موسیقی،پارک اورعوامی اجتماعات پرمکمل پابندی ہوگی شادی ہال مکمل بند ہونگے جبکہ اشیاء ضروریہ میڈیکل اسٹور،کلینک،ہسپتال،پٹرول پمپ،بیکری اوردودھ کی دکانیں معمول کے مطابق کھلیں گی جمعہ اورہفتہ کاروبار مکمل طور پر بند ہوگا۔ سرکاری ونجی دفاتر کا 50فیصد عملہ اپنے اپنے گھروں سے خدمات انجام دے گااندرون شہر مسافر گاڑیوں میں ایس اوپیز کا خیال رکھتے ہوئے 50فیصد مسافر بٹھائے جائیں گے جبکہ سرکاری ونجی دفاتر اورعام مقامات پر ماسک پہننا اورسماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہوگاانہوں نے کہا کہ 8فیصد سے زائد کورونا کیسز بڑھنے کی صورت میں متعلقہ علاقے میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ لوگوں کو وباء سے بچایا جاسکے جس پر تاجروں رہنماؤں نے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری محمدخان کھٹی، ڈی ایس پی عابد قائم خانی، تاجررہنماؤں انیس شیخ،امین میمن،عبدالجبار خان،کامران میمن اورمتعلقہ افسران بھی موجودتھے۔











