قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ فور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

41

سیالکوٹ،10اپریل( اے پی پی):قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ فور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے، پولنگ کا آغاز  صبح 8 بجے سے ہوا جو  بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک  جاری رہے گا۔اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل ہیں، حلقے میں پرامن پولنگ کے لئے  سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پولیس کے علاوہ رینجرزکے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

حلقہ این اے 75 سیالکوٹ فورضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کی25یونین کونسلزجبکہ تحصیل پسرور کی 4یونین کونسلزپرمشتمل ہے۔ جن میں بڈھاگورائیہ، ستراہ، میرتانوالی، راجہ گھمان، بھڑتھانوالہ، بھروکے، گھلوٹیاں، قلعہ کالروالہ اورسوکن ونڈ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

اس حلقے کی کل ووٹروں کی تعداد 4لاکھ94ہزار3ہے۔جن  میں 2لاکھ73ہزار6 مرددووٹر اور2لاکھ20ہزار997خواتین ووٹرز شامل ہیں۔  360پولنگ اسٹیشنز جن میں انتہائی حساس کیٹیگری اے 47، حساس کیٹیگری بی 176 اور کیٹیگری سی 137 پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

آر او آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیاہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام نقل و حمل کو مکمل مانیٹر کیا جائے گا جبکہ متنازعہ پولنگ اسٹیشنز کے عملہ کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ سیٹ مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی سیدافتخار الحسن شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔اس نشست پرپاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی اورمسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخارمدمقابل ہیں جبکہ تحریک لبیک کے خلیل احمد سندھو اور دیگر 6 آزادامیدواربھی میدان میں ہیں۔