مظفر گڑھ 10اپریل 2021(اے۔پی۔پی )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کی مطابق ضلع بھر میں 6رمضان بازار قائم کئے جارہے ہیں جہاں روز مرہ کے استعمال کی معیاری اشیاء خوردونوش عام بازار سے کم قیمتوں پر میسر ہونگی یہ بات انہوں نے رمضان بازار کے قیام کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ امسال مظفرگڑھ شہر، جتوئی، شہرسلطان، علی پور، کوٹ ادو اور چوک سرورشہید میں رمضان بازار قائم کئے جارہے ہیں جو 13اپریل سے فعال ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں چینی 83روپے کلو، 10کلو آٹے کا تھیلہ 375روپے میں دستیاب ہوگا۔چکن بازار سے 10روپے فی کلو کم،انڈے فی درجن 5روپے کم پر دستیاب ہونگے، انہوں نے مزید بتایا کہ مارکیٹ کمیٹی کے زیر اہتمام زراعت فیئر پرائس شاپ پر آلو، ٹماٹر، پیاز، لہسن، بھنڈی،کدو، لیموں،سیب، کھجور، امرود، کیلا،دال چنا اور بیس بازار سے 25فیصد کم نرخ پر دستیاب ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں خریداروں کیلئے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ، میڈیکل اور پارکنگ کی سہولیات میسر ہونگی،ہر بازار میں ایک ذمہ دار آفیسر موجو د ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان کے آخری عشرہ میں رمضان بازاروں کو عید بازاروں میں تبدیل کردیا جائے گا جہاں عید سے متعلقہ سامان بازار سے کم قیمتوں پر دستیاب ہوگا۔اجلاس میں سی او میونسپل کارپوریشن جاوید عثمان سرویا، انجمن تاجران سے امیر حسن، شیخ عامر سلیم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











