ظفر گڑھر10،پریل 2021( اےپی پی) :ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کیلئے حکومت نے 19اشیاء پر سبسڈی فراہم کی ہے جو تمام یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب ہیں، یہ بات انہوں نے پرانی چونگی نمبر 2جھنگ روڑ پر یوٹیلٹی منی مارکیٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع ریجنل منیجر یوٹیلٹی سٹورز نوید رسول، ایریا منیجر صبغت حسین، انچارج وئیر ہاؤس غلام دستگیر، محمد زبیر، انچارج منی مارکیٹ محمد علی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے یوٹیلٹی سٹور ز کے قیام سے معیاری اشیاء خوردونوش سبسڈی پر فراہم کی جارہی ہیں جو ضلع کی عوام کیلئے خوش آئند ہے جس سے مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوٹیلٹی سٹور پر چینی 68روپے فی کلو، 20کلو آٹے کا تھیلہ 800روپے میں دستیاب ہوگاجبکہ دیگر اشیاء بھی مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہونگی۔ اس موقع پر ریجنل منیجر نوید رسول نے بتایا کہ ضلع بھر میں 47یوٹیلٹی سٹور کام کررہے ہیں جبکہ مظفرگڑھ میں 7یوٹیلٹی سٹور موجود ہیں اورجلد ہی ایک اور سٹور بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سٹورز پر روزانہ کی بنیاد پر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں گی، ضلع کے تمام سٹور پر معیاری اشیاء خوردونوش وافر مقدار میں موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے ہدایت کی کہ ضلع کے تمام سٹورز پر کورونا سے بچاؤ کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔











