حکومت پنجاب عوام کو بہترین رمضان ریلیف پیکج دے رہی ہے؛صوبائی وزیر  اعجاز عالم آگسٹین کا اوکاڑہ  میں قائم  سستا بازار کا اچانک دورہ

56

اوکاڑہ،15اپریل(اے پی پی):صوبائی وزیرانسانی حقوق و  اقلیتی امور پنجاب اعجاز عالم آگسٹین نے  کہا ہے کہ رمضان المبارک بڑی برکتوں کا مہینہ ہے، اس میں حکومت پنجاب نے سستا رمضان بازار کی شکل میں عوام کو ریلیف دی ہے جسے   ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اس ضمن میں عوام کو چاہیئے کہ حکومتی ایس اوپیز پر عمل کرتے ہوئےخریداری کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضیاء شہید لائبریری اوکاڑہ کے احاطہ میں وزیر اعظم  کی ہدایات اور حکومت پنجاب کی نگرانی میں لگائے  گئے سستارمضان   بازار کے اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں عوام کو بہترین  رمضان پیکج ریلیف دے رہی ہے اس سلسلہ میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار خود بھی مختلف اضلاع کے دورے شروع کر رہے ہیں۔

  صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور  اشیاء خورد ونوش کے معیار اورقیمتوں  کو  بھی چیک کیا۔ دورے کے دوران مختلف خریداروں نے صوبائی وزیر کوبتایا کہ رمضان بازار میں عام مارکیٹ سے سستی اور اچھی چیزیں مل رہی ہیں۔

 اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما چودھری سلیم صادق ،آصف گجر،ملک محسن اور فیضان گجر کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔