ملتان، 16اپریل(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے رمضان بازار قادر پور راں اور چینی سٹور کرنے کے لئے قائم وئیر ہاوس کا دورہ کیا اور رمضان بازاروں میں چینی اور آٹے کی سپلائی بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے رمضان بازاروں میں صارفین کے لئے چینی کے کاونٹرز پر سٹاف میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایات جاری کی۔
ڈپٹی کمشنر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کے لئے چینی خریدنے کا عمل سہل بنایا جائے اور رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وئیر ہاوس میں چینی کی پیکنگ اور سپلائی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے رمضان بازاروں میں خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے گفتگو بھی کی اور کہا کہ حکومت پنجاب نے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات کا حکم دیا ہے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہر شہر کے رمضان بازار کو خود مانیٹر کررہے ہیں اور رمضان بازاروں میں آٹے،چینی،گھی کے علاوہ 13 اشیاء پر بھاری سبسڈی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی رمضان بازار قادر پور راں میں ضیعف العمر خاتون نے رمضان بازاروں کی بھرپور تعریف کی، خاتون نے بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان اور اے سی صدر آبگینے خان بھی ہمراہ تھے











