نارووال،16اپریل ( اے پی پی): ڈی پی او نارووال کی قیادت میں پولیس کا فلیگ مارچ،ڈی پی او نے ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے احکامات جاری کر دیئے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حالیہ ملکی حالات کے پیش نظر قومی شاہرات سمیت کسی بھی سڑک کی بندش پر زیرو ٹالرینس پالیسی کا نفاذ کر دیا گیا،احتجاج کے نام پر کسی کو قانون چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ضلع بھر کے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں مساجد میں عبادات کے لئے نمازیوں کا رش غیر معمولی ہو جاتا ہے، ہم نے خدائے بزرگ و برتر کے حضور سجدہ ریز ہونے والوں کو ہر قسم کی سیکورٹی بھی فراہم کرنا ہے اور ان سے کورونا ایس اوپیز پر عمل در آمد کی استدعا بھی کرنی ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ ضلع کے جمعہ کے اجتماعات کے مقامات پر پولیس کا گشت ہر حوالے سے ناگزیر ہے،ضلع کی پولیس کے علاوہ ایلیٹ فورس کی گاڑیاں بھی اس میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش اور قومی و نجی املاک کو نقصان پہنچانا بدترین قانون شکنی ہے،جسے کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جاسکتا، اس حوالے سے ضلع میں زیرو ٹالرینس پالیسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہ پولیس اس طرح کے پیش بندی اقدامات اٹھائے کہ کسی کو بھی کسی قسم کے احتجاج کے نام پرسڑکوں کی بندش،قومی و نجی املاک کو نقصان پہنچانے یا کسی بھی حوالے سے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہمت نہ ہو۔
ڈی پی او نے کہا کہ پولیس کی طرف سے کئے گئے فلیگ مارچ کا مقصد عوام کے احساس تحفظ کو مذید مستحکم کرنا ہے،قانون سے زیادہ طاقتور اور بالا دست ہے جو کوئی قانون کو چیلنج کرے گا قانون اسے اپنی گرفت میں لے گا۔











