کوئٹہ20 اپریل (اے پی پی )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت پی ایس ڈی پی 22-2021 کے لیے محکمہ انڈسٹریز اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی مجوزہ ترقیاتی اسکیموں اور انکے کانسیپٹ پیپرز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا _اجلاس کو محکمہ صنعت و حرفت اور داخلہ کی نئے مالی سال کےلئے مجوزہ ترقیاتی اسکیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ میں بتایاگیا کہ پی ایس ڈی پی 22-2021 کے لیے 6 اضلاع میں سی ٹی ڈی کمپلیکس کی تعمیر ,ژوب میں منی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام اور کوئٹہ میں انویسٹرز کی سہولت کیلئے ون ونڈو فیسلی ٹیشن سینٹر کے قیام سمیت پولیس اسٹیشنز کے قیام کا بھی منصوبہ تجویز کیاگیا _ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ کوئٹہ کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے مزید انڈسٹری کے قیام کے لئے شہر کی حدود سے باہر جگہ کا انتخاب کیا جائے اور صوبے میں ہینڈی کرافٹ کے شعبے میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ہینڈ میڈ کارپٹ انڈسٹری کی بحالی کا جامع پلان بنایا جائے۔ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بزنس اورینٹڈ سہولت کی فراہمی کا منصوبہ بنایا جائے وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ پولیس اور لیویز فورس کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں ماڈرن پولیسنگ اور ہولسٹک سیکیورٹی پلاننگ کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری فنانس، ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز، ایم ڈی لیڈا اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔