حکومت پنجاب اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کورونا کے موذی مرض کا مقابلہ کر رہی ہے: وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار

35

لاہور، اپریل 28(اے پی پی): وزیراعلیٰ آفس میں کورونا کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کر رتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے دوران 20600 ٹیسٹ کئے گئے اور اب تک پنجاب میں 8,224 افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں 127 اموات ہوئیں۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں کورونا مثبت آنے کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور خانیوال میں یہ شرح 38 فیصد، اوکاڑہ میں 32 فیصد، ساہیوال میں 24 فیصد، وہاڑی میں 20 فیصد، لاہور میں 23 فیصد، میانوالی میں 18 فیصد، نارروال میں 16فیصد، ملتان میں 15 فیصد، فیصل آباد میں 14 فیصد، سرگودھا میں 12 فیصد اور راولپنڈی میں 11 فیصد ہے جبکہ 22 اضلاع میں اس وقت کورونا کیسز کی مثبت شرح 8 فیصد سے زائد ہے جبکہ پنجاب میں کیسز مثبت آنے کی شرح 13 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کورونا کے موذی مرض کا مقابلہ کر رہی ہے۔ کورونا کا موذی مرض تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہو رہا ہے۔ آکسیجن کی طلب میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر تشویشناک مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔ جہاں پر ہم نے پابندیاں لگائی ہیں وہیں پر عوام کو ویکسینیشن کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں اور پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ویکسینیشن سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔پنجاب حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے کی ویکسین خریدنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال مشکل ہے لیکن ہم سب مل کر اس قومی چیلنج پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہیں۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ اپنی اور اپنے خاندان کی جانوں کی حفاظت کریں۔ اس غیر معمولی صورتحال میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ آپ کی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔ہمیں موجودہ صورتحال میں بے انتہا احتیاط کی ضرورت ہے۔ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے برقرار رکھیں۔ اسی میں آپ اور آپ کے خاندان کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ جیتنا ہی واحد آپشن ہے اور معاشرے کے ہر طبقے کو کورونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں مزید سختی کی جائے گی تاہم ہم نہیں چاہتے کہ لوگو ں کو تکلیف ہو اور مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑا لیکن ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ لہٰذا ہمیں اب سختی کرنی پڑے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 136 ویکسینیشن سنٹر کام کر رہے ہیں اور پنجاب حکومت ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے تقریباً 10 لاکھ سے زائد ڈوزز خریدے گی جبکہ 3 کروڑ ڈوزز بھی جلد آ رہی ہیں اور اس حوالے سے وفاق بھی ڈوزز فراہم کر رہا ہے۔ پوری دنیا میں کورونا ویکسین کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے لیکن ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ یہ ڈوزز جلد سے جلد پہنچیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خصوصی کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کرے گی اور صورتحال کا جائزہ لے گی۔ جہاں سختی کرنا ہوگی وہاں سختی کریں گے اور جہاں نرمی کرنا ہوگی وہاں نرمی کریں گے۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں ہجوم کے حوالے سے مجھے بھی شکایات ملی ہیں اس ضمن میں ہم واضح حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں تاکہ بازاروں میں لوگوں کا رش نہ ہو۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بہترین انداز میں فرائض سرانجام دے رہی ہے اور دنیا کے کسی بھی ملک میں مشکل صورتحال میں فوج مدد کو آتی ہے۔ پاک فوج ہماری اپنی فوج ہے اور ہم مل کر اس وباء سے نمٹ رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آکسیجن سلنڈرز کی ڈیمانڈ میں تقریباً چار سو فیصد اضافہ ہوا ہے اور ہم آکسیجن کو انڈسٹریل سیکٹر سے ہیلتھ سیکٹر کی جانب شفٹ کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ دودھ دہی کی دکانوں کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پی ڈی ایم کی منفی سیاست کو عوام نے آر پار کردیا ہے،نااہل اورنالائق اپوزیشن بند گلی میں پھنس چکی ہے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست کو عوام نے آر پار کردیا ہے۔ استعفوں، لانگ مارچ کی تاریخیں دینے والوں کااپنا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ نااہل اورنالائق اپوزیشن بند گلی میں پھنس چکی ہے۔ اپوزیشن کو اب فیس سیونگ بھی نہیں ملے گی۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن بھی وہ ملی جس کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں زبانی جمع خرچ پر لگی ہوئی ہیں اور حکومت گرانے کا خواب دیکھنے والے خود منہ کے بل گر چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ مدت بھی پوری کریں گے اورانشا ء اللہ آئندہ الیکشن میں بھی تحریک انصاف کامیاب ہوگی۔

فاروق