لاہور،29اپریل (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے، ٹیم ورک کے طورپر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے کیونکہ عوام کی خدمت مشن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ، ملاقات میں منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اوروزیراعلیٰ عثما ن بزدارکے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا، عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے اور ماضی میں حکمران اقتدار کے مزے لوٹتے رہے،ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے،کورونا مریضوں کی وجہ سے ہیلتھ سسٹم بے پناہ دباؤ کا شکار ہوچکا ہے جبکہ اس کے باوجود بھی کورونا مریضوں کیلئے حکومت اپنے تمام تر وسائل استعمال اورممکنہ اقدامات کررہی ہے،عوام کو احتیاط کرنا ہوگی، صورتحال خطرناک رخ اختیار کررہی ہےماسک پہننے سے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔کورونا کوکنٹرول کرنے کے لئے مزید سخت اقدامات کرناہوں گے۔
منتخب نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے،اپوزیشن نے جو بویا وہی اب کاٹ رہی ہےاپوزیشن نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی عوام میں منفی سیاست کرنے والوں کی ساکھ ختم ہوچکی ہے۔
سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء محمد سبطین خان، سردار حسنین بہادر دریشک، تیمور خان بھٹی، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری،وزیر مملکت محمد شبیر علی قریشی، اراکین قومی اسمبلی محمد ثناء اللہ خان مستی خیل، صداقت علی خان، غلام بی بی بھروانہ، محمد عامر طلال گوپانگ،اراکین صوبائی اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک، اشرف خان رند، گلریز افضل گوندل،مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ شامل تھے۔