سیالکوٹ،08مئی(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کیجانب سے کسان کارڈ کے اجراء کے بعد ملک بھر کے کسانوں کو کسان کارڈ کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ سیالکوٹ میں اب تک چھہتر ہزار تین سواٹھاونے کسانوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے جن میں سے تحصیل سیالکوٹ میں سے سترہ ہزار دو سو نو کسان رجسٹر ہوئے، تحصیل پسرور میں چھبیس ہزار سات سو اڑتیس اور ڈسکہ میں بائیس ہزار سات سو دو جبکہ سمبڑیال میں گیارہ ہزار سات سو انچاس کسان، کسان کارڈ کیلئے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ باقی کسانوں کی رجسٹریشن جاری ہے۔
کسان کارڈ سکیم سے متعلق سیالکوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کسان کارڈ کا اجراء کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے قبل کسانوں کو جو سبسڈیزڈ دی جاتی تھیں اس کیلئے کسانوں کو بینکوں میں جانا پڑتا تھا، جس میں بہت زیادہ خامیاں پیدا ہوتی تھیں جبکہ اب موجودہ حکومت نے ایک نہایت ہی آسان سسٹم متعارف کرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت کسانوں کو کسان کارڈ جاری ہوں گے اور کسانوں کو دی جانے والی کسی بھی قسم کی سبسڈی کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں چلی جائے گی جو وہ کارڈ کے ذریعے با آسانی اے ٹی ایم سے نکال سکیں گے۔