ملتان، 03 جون (اے پی پی ): کمشنر جاوید اختر محمود نے نشتر ہسپتال و یونیورسٹی میں ڈینگی ریفریشر ٹریننگ کا افتتاح کر دیا ہے، تربیتی ورکشاپ میں ڈینگی کنٹرول بارے بریفنگ دی گئی۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا عزم ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈینگی کنٹرول بارے متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی شمولیت کے بغیر کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہوسکتی، علماء جمعہ کے خطبات میں ڈینگی،کورونا بارے شعور اجاگر کریں ،کورونا وبا کیساتھ ڈینگی وائرس سے احتیاطی تدابیر اپنا کر نمٹا جاسکتا ہے۔
کمشنر نے کہا کہ ڈینگی لاروا نکلنے کی صورت میں متعلقہ عمارت کے مالک کے خلاف مقدمات درج کروائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کنٹرول میں ملتان ڈویژن کو صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن میں ہونا چاہیے ۔
جاوید اختر محمود نے کہا تمام سرکاری عمارتوں،دفاتر میں سپرے، ڈینگی سرویلنس کی جاچکی ہے،جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو پورٹل پرا پ لوڈ کیا جارہا ہے ۔
ڈی سی علی شہزاد نے کہا کہ کسی بھی عمارت میں موجود مچھر رہائشیوں کیلئے خطرہ ہیں، ڈینگی مچھر سے ڈرنے کے بجائے شہری اپنا ماحول خشک اور صاف رکھیں۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر وسیم رمزی بھی اس موقع پر موجود تھے۔











