بٹگرام؛ وادی  چوڑ تنازعہ پر  اقوام آلائی کے مشران کا گرینڈ جرگہ،صوبائی کمیشن کا فیصلہ آنے تک افہام وتفہیم کا مظاہرہ کرنے پر اتفاق

124

 بٹگرام،06جون(اے پی پی ):سیاحتی مقام وادی  چوڑ تنازعہ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس بٹگرام میں اقوام آلائی کے مشران کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں ایم این اے و پارلیمانی سیکرٹری پرنس محمد نواز خان آلائی، اکبر ناموس خان، مولانا مفتی غلام اللہ سمیت آلائی کے معززین نے شرکت کی، اس موقع پر جرگے میں موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 جرگے نے متفقہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کا فیصلہ آنے تک افہام وتفہیم کا مظاہرہ کیا جائے گا، اقوام آلائی کی طرف سے وادی چوڑ میں کوئی دراندازی نہیں کی جائے گی جبکہ جو معاملات عرصہ دراز سے آرہے ہیں وہ جوں کے توں رہیں گے، دونوں فریقین کی  طرف سے مسلح گروپوں کو چوڑ نہیں جانے دیا جائے گا جبکہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کمیشن جو بھی فیصلہ کریگی وہ سب کیلئے قابل قبول ہوگا۔

 جرگے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلع کولئ کوہستان کے چند شرپسندوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر غلط اور من گھڑت خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ اقوام آلائی نے لشکر کشی کی تیاری کر رکھی ہے جسکی بنیاد پر اقوام میں اشتعال پیدا ہورہا ہے ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے کہا کہ امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کیلئے کوہستان کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ دو اقوام کے مابین خونریز تصادم کو روکا جاسکے۔