رحیم یا رخان،07 جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے شیخ زید ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا اورملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس ٹرین حادثہ کے زخمیوں کی عیادت اور علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ افسوسناک ٹرین حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو ضلع کے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے،ٹرین حادثہ کے 13زخمی تحصیل ہسپتال صادق آباد جبکہ 34زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صادق آباد تحصیل ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال میں تقریباً50زخمیوں کو لایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹرین حادثہ میں ایک4ماہ کے بچے کی ڈیڈ باڈی شیخ زید ہسپتال موصول ہوئی ہے، شیخ زید ہسپتال میں ٹرین حادثہ کے 6زخمی مسافروں کی حالت تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال اور تحصیل ہسپتال صادق آباد میں ایمرجنسی نافذ ہے، تمام سینئرز ڈاکٹرز ہسپتال میں ٹرین حادثہ کے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ حادثہ کے باعث ضلع کے مختلف اسٹیشنوں پر موجود ٹرینوں کے مسافروں کا خیال رکھا جا رہا ہے، مختلف سٹیشنوں پر موجود ٹرینوں کے مسافروں کو انتظامیہ پانی اورکھانا فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریک بحالی میں تاخیر کی صورت میں مسافروں کو متبادل ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔











