لودھراں،08جون2021(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کورونا ویکسین کی آگاہی مہم کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عمران قریشی نے کی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد سجاد اختر، ڈی ایس پی حاکم علی خان سمیت معززین شہر، سماجی تنظیموں کے اراکین اور شہریوں کی آگاہی واک میں شرکت کی۔ کورونا ویکسین بارے آگاہی واک ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر غوثیہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگائی جار ہی ہے۔ آگاہی واک کا مقصد عوام میں ویکسین کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنا ہے۔ کورونا سے مکمل نجات سے ہی ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامز ن کیا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا کہ دنیا بھر کے کئی ممالک نے ویکسی نیشن سے وباء پر قابو پایا ہے۔ عوام جھوٹی افواہوں پر ہرگز یقین نہ کریں۔ ہم سب کو چاہیے کہ ہم کوروناویکسی نیشن کروانے کی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
شہری ذمہ داری کا مظاہر کرتے ہوئے اپنی اور اپنے گھروالوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں۔ ملک بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افراد کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوگیا ہے، 40 سے زیادہ عمر والے رجسٹرڈ افراد کسی بھی ویکسینیشن سینٹر میں جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ واک کے اختتام پر شرکاء میں کورونا ویکسین کی افادیت بارے آگاہی لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا











