لاہور ،16 جون(اے پی پی): سیکرٹری سیاحت کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد نے جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لئے کمشنر ملتان سے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملتان میں میوزیم کے قیام پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری سیاحت نے کمشنر ملتان کے ہمراہ میوزیم کے لئے مجوزہ جگہ کا دورہ کیا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ زمین جلد محکمہ سیاحت کے حوالے کی جائے گی اور تعمیراتی کام رواں سال کے آخر تک شروع کردیا جائے گا۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ملتان میں میوزیم کی تعمیر کے لئے نئے بجٹ میں 8 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میوزیم کا ڈیزائن ملتان شہر کی تاریخی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا جائے گا۔جنوبی پنجاب کی ثقافت اور تاریخی ورثے کو میوزیم کے ذریعے محفوظ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے جبکہ محکمہ سیاحت اور آرکیالوجی پنجاب مذہبی سیاحت کے لئے مختلف مذاہب کے گیارہ مذہبی مقامات پر خصوصی توجہ دے گا۔











